نسٹ کے ریکٹر کا دورہ سویڈن

#arifkisana
پاکستان میں صلاحیت اور استعداد کی کمی نہیں اور ہمارے طلباء نے دنیا بھر میں اپنی
صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ہمارے نوجوان دور جدید کے تقاضوں کے مطابق آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنولوجی NUST پاکستان کی سب سے بہترین جامعہ ہے جو دنیا بھر کی پہلی پانچ سو جامعات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار NUST کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نوید زمان نے اسٹاک ہوم میں سفارت خانہ پاکستان میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں کیا۔ سفارت خانہ کے منسٹر جناب عرفان احمد نے شرکاء اور معزز مہمان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نوید زمان خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ایک عظیم درسگاہ کے سربراہ کی موجودگی ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔ جنرل نوید زمان نے شرکاء کو NUST کا تفصیلی تعارف اور وہاں ہونے والی تعلیمی، سائنسی اور تحقیقی سرگرمیوں کی تفصیل سمعی اور بصری سلائیڈوں کی مدد سے پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی بہترین یونیورسٹی ہونے کے باوجود اس کی فیس سب سے کم ہے۔ یونیوسٹی میں داخلہ صرف میرٹ پر ہوتا ہے اور یہاں کے طلبہ پاکستان اور دنیا میں نمایاں اور اہم مقام رکھتے ہیں۔ پاکستان میں اس وقت 180 جامعات ہیں لیکن صرف ایک ہی دنیا کی پہلی پانچ سو بہترین جامعات میں شامل ہے جو NUST ہے۔ پاکستان میں تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں کام کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ ہماری تیس فیصد آبادی ناخواندہ ہے جبکہ کالج جانے والوں کی شرح صرف نو فی صد ہے جو کہ نیپال اور بنگلہ دیش سے بھی پیچھے ہے۔ پاکستان میں ایک بھی سائنس پارک نہیں جبکہ ایران اور ترکی میں کئی سائنسی پارک کام کررہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم سائنس پارک قائم کریں اور صنعتی شعبہ کو جامعات میں ہونے والی سائنسی تحقیق کے ساتھ منسلک کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ NUST میں زیر تعلیم بہت سے طلبہ کو مخیر حضرات کی جانب سے مالی اعانت کی ضرورت ہے اس لیے آپ لوگ اس کار خیر میں ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے اپنے دورہ کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو NUST سے آگاہی دلانا، دنیا کی اہم جامعات سے رابطہ اور تعاون کے ذرائع تلاش کرنا اور مخیر حضرات سے ضرورت مند طلبہ کی مدد کی اپیل کرنا شامل ہے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان احمد حسین دائیو نے کہا کہ NUST جیسے ادارے پر ہمیں فخر ہے اور ہم پر امید ہیں کہ سائنسی میدان میں ہم آگے بڑھتے جائیں گے۔ انہوں نے کہ سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اہم مقام رکھتی ہے جو ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔ انہوں جنرل نوید زمان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ نجی دورہ کے باوجود سفارت خانہ تشریف لائے اور پاکستانی کمیونٹی کو NUST کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سفیر پاکستان نے انہیں NUST کے ایک وفد کے ہمراہ سویڈن کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ تقریب کے آخر میں NUST کے ریکٹر جنرل نوید زمان نے سفیر پاکستان جناب احمد حسین دائیو اور منسٹر عرفان احمد کو NUST کی یادگاری نشان دیا۔ اس موقع پر عارف کسانہ نے لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کو اپنی کتاب افکار تازہ پیش کی۔ شرکاء نے اس تقریب کو بہت سراہا اور وقفہ سوالات میں کچھ حاضرین نے معزز مہمان سے NUST کے بارے میں مزید وضاحت طلب کی۔

http://epaper.dailyausaf.com/popup.php?newssrc=issues/2018-07-21/56014/e203.gif

http://epaper.dailyausaf.com/popup.php?newssrc=issues/2018-07-21/56014/e202.gif


https://www.urduqasid.se/%D9%BE%D8%A7%DA%A9%D8%B3%D8%AA%D8%A7%D9%86-%D9%85%DB%8C%DA%BA-%D8%B5%D9%84%D8%A7%D8%AD%DB%8C%D8%AA-%D8%A7%D9%88%D8%B1-%D8%A7%D8%B3%D8%AA%D8%B9%D8%AF%D8%A7%D8%AF-%DA%A9%DB%8C-%DA%A9%D9%85%DB%8C-%D9%86/


21 Jul 2018


Afkare Taza: Urdu Columns and Articles (Urdu Edition)

This website was built using N.nu - try it yourself for free.(info & kontakt)