سفیر پاکستان احمد حسین ڈھائیو نے سویڈن کے بادشاہ کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں
سٹاک ہوم ( عارف کسانہ؍ نمائندہ خصوصی) سویڈن میں تعینات ہونے والے نئے سفیر پاکستان جناب احمد حسین ڈھائیو نے سویڈن کے بادشاہ کارل گستاف کو شاہی محل میں اپنی سفارتی سند پیش کی۔ سویڈن کے باشاہ نے اپنی مملکت میں سفیر کی حیثیت سے ان کا پرجوش خیر مقدم کیا۔ جناب احمد حسین ڈھائیو سویڈن اور فن لینڈ میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے فرائض منصبی سرانجام دیں گے۔ وہ 1965ء میں پیدا ہوئے اور ایم بی بی ایس کرنے کے بعد 1989ء میں انہوں نے وزارت خارجہ میں شمولیت اختیار کی۔ اس قبل وہ اہم عہدوں پر سفارتی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ سفارتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران وہ بنگلہ دیش، فلپائن، شمالی کوریا اور آئرلینڈ، پرتگال اور نیندرلینڈزمیں تعینات رہے ہیں۔ سفیر پاکستان کی حیثیت سے سویڈن میں ان کی یہ پہلی تعیناتی ہے اور اس قبل وہ وزارت خارجہ میں ایک شعبہ کے سربراہ تھے۔ ۔ صدر پاکستان ممنون حسین کی جانب سے سویڈن کے باشادہ کارل گستاف کو اپنی سفارتی تقرر ی کی سند پیش کرنے کے بعد اب وہ باقاعدہ طور پر اپنے منصب کے فرائض سرانجام دیں گے۔