اخوت سویڈن کے زیر اہتمام اسٹاک ہوم میں ہونے والی تقریب


اسٹاک ہوم(نمائندہ خصوصی)ا قوام کی تعمیر تعلیم وتربیت سے ہوتی ہے اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع ان طلبہ کے لئے بھی یکساں ہونے چاہیں جو مالی دشواریوں کے باعث اس سے محروم رہتے ہیں۔ غربت اور جہالت کے خلاف جہاد کرکے ہی ہم پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ اداکار اور اینکر پرسن حمزہ علی عباسی اور اخوت کے کے چئیرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے اخوت سویڈن کے زیر اہتمام اسٹاک ہوم میں ہونے والی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا آغاز حافظ قدیر علی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ رجب علی نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت اور تصدق حسین نے ملی نغمہ پیش کیا۔ محترمہ رفعت جہاں اور بابر مجیدنے سماجی بہبود اور مستحق افراد کے لئے مالی معاونت کے حوالے سے اظہار کیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض اخوت سویڈن کے صدر ڈاکٹر عارف محمود نے ادا کئے ۔ انہوں نے شرکاء اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ اخوت سویڈن کی پہلی تقریب ہے اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اخوت کے پروگرام کے ساتھ بھرپور اتفاق کرتے ہیں۔ اخوت فاؤنڈیشن پاکستان کے چئیرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب جب خطاب کے لئے آئے تو لوگوں نے ان کا بھر پور استقبال کیا۔ انہوں نے اخوت کی جدوجہد کی تفصیل بیان کی جسے شرکاء نے بہت توجہ سے سنا ۔ انہوں نے بتایا کہ اخوت نے 78ارب روپے کے قرضہ حسنہ دے کر پاکستان کے 30لاکھ خاندانوں کو مالی مشکلات سے نکال کر اپنے پاوءں پر کھڑا کردیا ہے۔ یہ دنیا بھر میں قرض حسنہ دینے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور اب ان کی توجہ تعلیم کی جانب ہے۔ اخوت کے زیر انتظام اس وقت صوبہ پنجاب میں تین ہزار سرکاری پرائمری سکول چل رہے ہیں۔ اخوت یونیوسٹی لاہور کی تعمیر تیزی سے مکمل ہورہی ہے اور تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ پاکستان سے بھر سے تمام قومیتوں اورمذاہب کے بچے یہاں زیر تعلیم ہیں۔ جو طلبہ مالی حالات کی وجہ سے فیس نہیں ادا کرسکتے ان سے فیس اس وقت لی جائے جب وہ بر سرروزگار ہوں گے۔ تقریب کے شرکاء حمزہ علی عباسی کا خطاب سننے کے لئے بے تاب تھے اور جب وہ اسٹیج پر آئے تو ان کا زبردست خیرمقد م کیا گیا۔ حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ وہ اخوت تحریک کے ساتھ وابستہ ہیں۔ پاکستان اس وقت ہی آگے بڑھے گا جب تعلیم اور سماجی بہبود کا نظام لائیں گے۔ ہمیں اپنی زندگیوں کو اسلامی اصولوں کے مطابق بسر کرنا چاہیے اور مستحق افراد کی بھرپور مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر امجد ثاقب نے جس قدر کام کیا ہے اس کی بنا کر انہیں نوبل انعام ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سویڈن کی ترقی اور یہاں رہنے والے پاکستانیوں سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ حمزہ علی عباسی کی اپیل پر لوگوں نے دل کھول کر اخوت یونیوسٹی کے لئے عطیات دئیے۔ حمزہ علی عباسی کی دستخط کردہ ٹی شرٹس لوگوں نے بھاری عطیات دے کر حاصل کیں جبکہ ڈاکٹر امجد ثاقب کی کتابیں اخوت کا سفر اور کامیاب لوگ بھی ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوئیں۔ تقریب کے بعد لوگوں کا ایک ہجوم حمزہ علی عباسی اور ڈاکٹر امجد ثاقب کے ساتھ تصاویر بنوانے کے لئے امڈ آیا۔ بعد ازاں سفارت خانہ پاکستان میں حمزہ علی عباسی، ڈاکٹر امجد ثاقب اور دیگر مندوبین کے لئے ایک عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔ سفارت خانہ پہنچنے پر ڈیپٹی ہیڈ آف مشن عرفان احمد اور سفارت خانہ کے عملہ نے ان کا استقبال کیا۔ 

#arifkisana #Akhuwatfoundation #akhuwatuniversity

weblinks

https://www.dailyausaf.com/epaper/page?station_id=5&date=2019-03-19&page_id=76884

https://www.dailyausaf.com/epaper/popup.php?newssrc=issues/2019-03-19/76884/e314.gif

https://www.dailyausaf.com/epaper/popup.php?newssrc=issues/2019-03-19/76884/e315.gif

 

 

19 Mar 2019


Afkare Taza: Urdu Columns and Articles (Urdu Edition)

This website was built using N.nu - try it yourself for free.(info & kontakt)