سپریم کورٹ کے طاہر القادری کی درخواست کے فیصلے پر ملا جلا ردعمل

سٹاک ہوم(عارف کسانہ/نامہ نگار) سویڈن اُن 61 ممالک میں شامل ہے جہاں رہنے والے پاکستانی دہری شہریت رکھ سکتے ہیں۔ پاکستان کی سپریم کورٹ نے طاہرالقادری کی پٹیشن کی سماعت اور فیصلہ میں دہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کو غیر ملکی شہری قرار دینے اور اُن کی وفا داری کو مشکوک ٹھہرانے پر سویڈن، یورپ اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے اپنے اضطراب کا اظہار کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ طاہرالقادری کو کیس جو بھی ہو لیکن اس میں تمام دہری شہریت رکھنے والوں کو شامل کرنا نامناسب ہے ۔ سویڈن میں دہری شہریت کے لیے کوئی حلف نہیں اٹھانا پڑتا اور نہ دوہری شہریت رکھنے کی بنا پر یہاں رہنے والے پاکستانیوں کو امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سویڈن میں مقیم دہری شہریت رکھنے والے کے بھی وہی حقوق ہیں جو ایک پیدائشی سویڈش شہری کو حاصل ہیں اور اُن میں کوئی تفریق نہیں ۔ سویڈن او ر دیگر ممالک میں مقیم جنہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کی تائید کی اُن میں پاکستان کرکٹ کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ مقصود، انجینئر ذیشان احمد، فہد شہزاد، شاہد گورسی، بلال عزیر، شہریارعلی، محمد سلیم اور محمد بنیامین کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو پاکستان سے محبت ہے تو وہ کسی دوسرے ملک کو شہریت کیوں لیتا ہے ۔ دوسرے ممالک میں مستقل ویزا پر بھی قیام کیا جا سکتا ہے ۔ جہاں تک بیرونی ممالک سے پاکستان رقوم بھیجنے کا بات ہے تو وہ حکومت کو نہیں بلکہ اپنے گھر والوں کو بھیجتے ہیں۔ طاہرالقادری نے آنے والے انتخابات کو ملتوی کرانے کی کوشش کی جسے سپریم کورٹ نے ناکام بنایاہے جبکہ دوسری جانب فیصلہ کو دہری شہریت رکھنے والوں کے خلاف قرار دینے والوں میں سید ہادی حسن، ضیاء الدین شیخ، بلال گھمن، جبران جاوید بھلی، محمد عظیم، سید ارشاد قمر،آصف چوہدری، محمد امجد، ظفر چوہدری، سید ذولفقار علی، منیب بشیر چوہدری، اور شاہد قادری کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی محبِ وطن ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے کام آئے ہیں۔ بین الاقوامی آمدورفت اور کچھ دیگر وجوہات کی وجہ سے انہیں وہاں کی شہریت لینا پڑتی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ محب وطن نہیں ہیں۔ جب حکومتِ پاکستان کو ہماری ضرورت ہوتی ہے تو اُس وقت وہ ہمیں سب سے زیادہ محب وطن قرار دیتی ہے۔ ڈاکٹر کاظم چوہان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کیوں دہری شہریت کی اجازت خود ہی دی ہے اگر کینیڈا کے شہری کو اپنے ملک کی وفاداری میں لڑنا پڑ سکتا ہے تو ایسے ملک کے ساتھ دوہری شہریت ہونی ہی نہیں چاہیے قصور حکومتِ پاکستان کا ہے۔مسعود منہاس نے کہا کہ پاکستان ایک نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا اور یہ برصغیر کے تمام مسلمانوں کا گھر ہے اور اس سے انہیں محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ پاکستانسکا فریننگ بوتشرکا کے صدر راجہ حیدر شکوہ، مسلم لیگ ق کے شیخ اعجاز احمد، سائیں رحمت علی اور کچھ دیگر کی رائے کے مطابق دوہری شہریت والوں کو ووٹ کا حق حاصل ہے اور یہ رہنا چاہئے۔ علی اظہر بٹ کے مطابق دہری شہریت ایسے ہی ہے جیسے کسی کے دو گھر ہوں اور ظاہر ہے وہ دونوں سے محبت رکھے گا۔سپریم کورٹ کے اس فیصلہ سے ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔    

 

16 Feb 2013


Afkare Taza: Urdu Columns and Articles (Urdu Edition)

This website was built using N.nu - try it yourself for free.(info & kontakt)