پاکستان میلہ کمیٹی سٹاک ہوم کی جانب سے سفیر پاکستان کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ

سٹاک ہوم (عارف کسانہ ؍نمائدہ خصوصی) سفیر پاکستان جناب طارق ضمیر نے سویڈن اور فن لینڈ میں اپنے تین سالہ دور میں بہت اچھی روایات قائم کی ہیں ۔ پوری پاکستانی کمیونیٹی ان کے جانے پر افسردہ ہے اور انہوں نے حقیقی معنوں میں عہدہ سفارت کا حق ادا کیا ہے۔ ان کے دور میں کمیونیٹی اور سفارت کے باہمی تعلقات مثالی رہے ہیں ا ور توقع ہے کہ سفارت خانہ اور نئے آنے والے سفیر ان روایات کو جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے پاکستان میلہ کمیٹی سٹاک ہوم کی جانب سے سفیر پاکستان جناب طارق ضمیر کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ایک مقامی ریستوران میں ہونے والی اس پروقار تقریب میں سفارت خانہ کے ڈی ایچ ایم عرفان احمد،کمرشل قونصلر صبا حمید اور کچھ خواتین بھی شریک تھیں۔ حافظ ابوبکر بٹ کی تلاوت قرآن حکیم سے تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد میلہ کمیٹی کی جانب سے ڈاکٹر محسن سلیمی نے مہمانوں کو خوش آمدید کیا۔ انہوں نے کہ سفیر پاکستان کے دور میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجراء سے عوامی مطالبہ پورا ہوگیا ہے جس کے وہ عرصہ درزا سے منتظر تھے۔ معروف شاعر اور ایشین اردو سوسائیٹی کے صدر جمیل احسن نے نہایت خوبصورتی سے نظامت کے فرائض سرانجام دیئے اان کے برجستہ جملوں اور بر محل اشعار نے محفل کو پر لطف بنائے رکھا۔ انہوں نے سفیر پاکستان کی مدح میں اپنی ایک الوداعی نظم بھی پیش کی جسے شرکاء نے بہت سراہا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سویڈن سے پاکستانی کمیونیٹی کی محبتیں سمیت کر واپس جارہے ہیں اور یہ دور ان کی زندگی کا ناقابل فراموش عرصہ ہے۔ یہاں کے پاکستانیوں نے جس قدر ان کی عزت افزئی اس کا شکریہ ادا کرنا بھی مشکل ہے۔ انہوں نے میلہ کمیٹی کی کارکردگی اور سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئیے کہا وہ سویڈن میں پاکستان کی پہچان ہیں اور اپنی ثقافت کو یہاں اجاگر کررہے ہیں۔ ہر سال بہت کامیابی سے پاکستان میلہ منعقد کرکے یہاں رہنے والے پاکستانیوں و تفریح کے ساتھ آپس میں مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ میلہ کمیٹی نے پاکستان کے تمام علاقوں کے لوگوں کو نمائدگی دی ہے جو قابل تحسین ہے اور وہ اپنے اس اتحاد کو ہمیشہ قائم رکھیں۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دیں اور اپنی اعلیٰ روایات برقرار رکھیں۔ اس الوداعی تقریب سے مصنف و صحافی ایمانوئیل راتق، میلہ کمیٹی کے افضل فارقی، عارف کسانہ اور کمرشل قونصلر صبا حمید نے بھی اظہار کیا ۔ اس موقع پر سفیر پاکستان کو یادگاری تحائف بھی پیش کئے گئے۔ پاکستان میلہ کمیٹی کے منتظمین چوہدری رحمت علی، عامر ندیم، آصف بٹ، ظفر چوہدری، علی لاشاری اور حاجی مختار نے الوداعی توریب میں شرکت پر سفیر پاکستان طارق ضمیر اورحاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام حسب دستور پرتکلف پاکستانی کھانوں سے ہوا۔

25 Sep 2017


Afkare Taza: Urdu Columns and Articles (Urdu Edition)

This website was built using N.nu - try it yourself for free.(info & kontakt)