سویڈن 2018 انتخابات کے تازہ ترین نتائج

۹ ستمبر کو سویڈن میں ہونے والے انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق کوئی بھی سیاسی جماعت یا سیاسی اتحاد اکثریت حاصل نہیں کرسکا۔ سویڈش پارلیمنٹ کی 349 نشستوں میں سے تازہ ترین نتائج کے مطابق برسر اقتدار سرخ سبز اتحاد نے 144 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ حزب مخالف کے چار جماعتی اتحاد کو 143 نشستیں ملی ہیں۔ نسل پرست جماعت سویڈش ڈیموکریٹس کو 62 نشتوں پر کامیابی ملی ہے۔ حزب مخالف کی جماعتوں نے برسراقتدار سوشل ڈیموکریٹ کے سربراہ اور موجودہ وزیر اعظم سٹیفن لوفوین سے حکومت چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دائیں بازو کے چار جماعتی اتحاد میں شامل جماعتیں حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہیں لیکن دوسری جانب ابتدائی انتخابی نتائج آنے کے بعد وزیر اعظم سٹیفن لوفین نے کہا کہ وہ اگلی مدت کے لیے بھی حکومت بنائیں گے اور ان کے مستعفی ہونے کاکوئی ارداہ نہیں اور وہ دیگر سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے حکومت سازی کے لیے فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا اب بھی سوشل ڈیموکریٹ سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور انہوں نے پارلیمان میں 101 نشستیں حاصل کی ہیں۔ سویڈش وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں افسوس ہے کہ نسل پرست جماعت نے پارلیمنٹ میں پہلے سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں لیکن ہم کسی صورت ان کا تعاون حاصل نہیں کریں گے۔ دیگر یورپی ممالک کے برعکس سویڈن کی دونوں جانب کی جماعتوں نے نسل پرست جماعت سویڈش ڈیموکریٹس کے ساتھ تعاون خارج ازامکان قرار دیا ہے اور یہی خوبی سویڈش جمہوریت کو دیگر یورپی ممالک سے ممتاز کرتی ہے۔ سویڈش ڈیموکریٹس کے سربراہ جمی اوکیسن نے تصدیق کی ہے کہ کسی بھی جماعت یا بلاک نے حکومت سازی کے لیے ان سے رابطہ نہیں کیا۔ نسل پرست جماعت سویڈش ڈیموکریٹس پارٹی نے 62 نشستیں حاصل کرکے بادشاہ گر کی حیثیت حاصل کرلی ہے لیکن دونوں بلاک اس جماعت کے ساتھ حکومت نہیں بنانا چاہتے۔ سیاسی صورت بہت پیچیدہ ہو گئی ہے اور کسی بھی ایک بلاک کے لیے اکثریتی حکومت بننا مشکل نظر آرہا ہے تاہم حزب مخالف کی چار جماعتی اتحاد کے حکومت سازی کا امکان زیادہ نظر آرہا ہے۔ انتخابات میں سب سے بری کارکردگی گرین پارٹی کی رہی اور اس نے بمشکل پارلیمان میں اپنی جگہ قائم رکھی۔بدھ کے روز تک تمام ووٹوں کی گنتی مکمل ہوجانے کے صورت حال مزید واضح ہوگی اور پھر اس کا اندازہ ہو سکے گا کہ سویڈن میں بھی تبدیلی آتی ہے یا موجودہ دور کا تسلسل ہی جاری رہتا ہے۔ سویڈن میں متناسب نمائندگی کے تحت انتخابات ہوتے ہیں اور 4 فی صد سے کم ووٹ لینے والی جماعت پارلیمان میں جگہ نہیں لے سکتی۔ ہر چار سال بعدماہ ستمبر کے دوسرے اتوار کو یہ انتخابات منعقد ہوتے ہیں اور رائے دہندگان پارلیمنٹ، ریجنل اور مقامی حکومتوں کے لیے ایک ساتھ ووٹ دیتے ہیں۔موجود ہ انتخابات کے بعد 24 ستمبر کو سویڈش پارلیمنٹ کے نومنتخب اراکین نئے اسپیکر کا انتخاب کریں گے اور اگلے وزیر اعظم کے انتخاب کی کاروائی شروع ہوگی۔ 27 ستمبر کو وزیراعظم کا انتخاب ہوگا اور 28 ستمبر کو نومنتخب وزیراعظم پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ موجودہ وزیراعظم کا دور 8 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ اگر موجودہ وزیراعظم کی کرسی قائم رہتی ہے تو ان کی حکومت 9 اکتوبرکونیا بجٹ پیش کرے گی بصورت دیگر نئے وزیراعظم کی سرکار 15 اکتوبر کو بج اگلی مدت کے لیے بجٹ پیش کرے گی۔ 

10 Sep 2018


Afkare Taza: Urdu Columns and Articles (Urdu Edition)

This website was built using N.nu - try it yourself for free.(info & kontakt)