پاکستانی ثقافت اجاگرکرنے کیلئے سلام پاکستان کے نام سے تقریب
اسٹاک ہوم ( عارف کسانہ نمائندہ خصوصی) سویڈن میں پاکستانی ثقافت، سیاحت، اردو زبان اور تجارت کے فروغ کے لئے پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی کے نام سے ایک تنظیم دو سال سے متحرک ہے جس میں پاکستان کی تمام اکائیوں کی بھر پور نمائندگی ہے۔ یہ تنظیم سویڈن میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل اور مقامی سویڈش لوگوں کو پاکستان کے کلچر سے متعارف کرانے کے لئے پرگرام ترتیب دیتی رہتی ہے۔ اسی سلسلہ میں سلام پاکستان کے نام سے سویڈش دارالحکومت اسٹاک ہوم میں ایک شاندار پروگرام منعقد کیا جس میں پاکستان کے مشہور ساز رباب بجانے کا مظاہرہ بھی شامل تھا۔ پاکستان کے علاقائی کھانے اور ٹرک آرٹ پروگرام کا اہم حصہ تھے۔ اس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے روایتی کھانے، کشمیری سبزچائے،مزیدار گول گپے اور بہت سی دیگر کھانے کی چیزیں شرکاء کو اپنی طرف متوجہ کررہی تھیں۔ دستکاری کی مختلف اشیا جن پر ٹرک آرٹ بہت خوبصورتی سے کیا تھا نمائش کے لئے پیش تھیں جن میں مقامی سویڈش لوگوں نے بہت دلچسپی لی۔خواتین اور بچوں کی دلچسپی کی بھی بہت سی چیزیں اور سرگرمیاں اس پروگرام میں موجود تھیں۔ ٹرک آرٹ میں سویڈش وزیراعظم سٹیفن لوفوین اور فٹ بال کے مشہور سویڈش کھلاڑی ابراہیمووچ کے خاکے بنائے گئے تھے۔ رباب کی دھنوں اور موسیقی کے سروں نے من چلوں کو جھومنے اور روایتی ڈانس پر مجبور کردیا۔ پاکستان کے علاقائی لباس میں ملبوس خواتین نے لوک رقص پیش کیے۔ سویڈن کی تاریخ کا یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستان کے ٹرک آرٹ کو یہاں کے لوگوں نے دیکھا۔ پروگرام میں شرکت کے لیے حیدر ولی خصوصی طور پر اسٹاک ہوم آئے اور رباب بنانے کے فن کا مظاہرہ کیا جسے لوگوں نے بہت سراہا۔ شہر کے مرکز میں آرٹ گیلری میں ہونے والے اس پروگرام میں پاکستان جنوبی ایشیا، یورپی اور مقامی سویڈش لوگوں نے بھر پور شرکت کی اور پاکستانی کھانوں کا خوب مزا لیا۔ بہت سے مہمان چٹخارے لے کر گول گپے کھاتے رہے۔ سلام پاکستان کے اس پروگرام سے سویڈن میں پاکستان کی تہذیب وثقافت اور اردو زبان کو فروغ حاصل ہوگا۔پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی کے صدر شہزاد انصاری کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے بارے میں منفی پروپگنڈے کو مثبت سرگرمیوں سے دور کرنا چاہتے ہیں اور آج کے پروگرام میں بڑی تعداد میں پورپی اور سویڈش لوگوں کی شرکت نے ہماری کوشش کو کامیاب بنایا ہے۔ اس پروگرام نے پاکستان کی ثقافت کو اٹھا کر سویڈش دارالحکومت کے دل میں پیوسط کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے اور رباب کی دھنیں مدتوں سویڈن کی فضا میں گھونجتی رہیں گی۔
LINKS
https://dailyausaf.com/europe/2018-01-29/75637
http://epaper.dailyausaf.com/issues/2018-01-30/1517283558-full.jpg
https://www.urduqasid.se/%D8%B3%D9%84%D8%A7%D9%85-%D9%BE%D8%A7%DA%A9%D8%B3%D8%AA%D8%A7%D9%86-2018/
http://bolinternational.net/
Other posts
- Why Sweden has differnt Ploicy on Coronavirus
- کرونا وائرس، سائنسی، سماجی اور مذہبی انداز فکر
- آٹھ سال بعد پاکستان میں کیا دیکھا1
- اخوت کے چئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب جنوری میں سوئٹزرلینڈ اور اسکینڈے نیویا کا دورہ کریں گے۔
- دل چیر کر رکھ دیا
- (سفر حرمین کے تاثرات (حصہ دوم
- (سفر حرمین کے تاثرات (پہلی قسط
- ہمارا سب سے بڑا مسئلہ
- ہمارا سب سے بڑا مسئلہ
- پیشی