کے کے عزیز اور نقاش پاکستان چوہدری رحمت علی
کے کے عزیز اور نقاش پاکستان چوہدری رحمت علی
عارف محمود کسانہ
برصغیر کی تقسیم کا سب سے پہلے تصور ایک انگریز جان برائیٹ نے 24 جون 1858 میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ مکمل اختیارات کے ساتھ پانچ یا چھ صوبے بنائے جائیں جو کہ بلاآخر آزاد ریاستیں بن جائیں۔ ایک عشرہ بعد 1967 میں سرسید نے یہ محسوس کرلیا تھا کہ ہندواو ر مسلمان دو الگ اقوام ہیں اور یہ کسی بھی معاملہ میں یہ ایک نہیں ہوں گی۔اس کے بعد 1883 میں WS Blunt نے تجویز پیش کی کہ ہندوستان کو دو حصوں میں تقسیم کردیا جائے۔ شمالی حصہ مسلم حکومت کے تحت اور جنوبی حصہ ہندو حکومت کے تحت ہو۔ ہندوستان میں ایک ا سلامی ریاست کا واضح تصور چوہدری رحمت علی نے 1915 میں دیا جس کے تحت شمالی ہندوستان ایک مسلم ریاست کی صورت میں قائم ہونی چاہیے۔ ہندوستان کے اور بھی بہت سے راہنما جن میں مسلمان، ہندو اور انگریز شامل تھے ہندوستان کی تقسیم کے بارے میں اپنی آرا ءپیش کرتے رہے یہاں تک کہ 28 جنوری 1933 میں چوہدری رحمت علی نے شمال مغربی ہندوستان کے تین کروڑ مسلمانوں کے لئے الگ وطن کا نام پاکستان تجویز کیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ مسلم ریاست کے خدوخال واضح کئے گئے۔ چوہدری رحمت علی نے اس موقف کی وضاحت اپنے مشہور زمانہ کتابچہ Never Or Now میں کی اور مزید تفصیل اپنی کتاب The Fatherland of Pak Nation Pakistan,
میںلکھی۔ مذکورہ بالا تفصیل عالمی شہرت یافتہ مورخ، سوانح نگار، محقق اور بارہ مستند کتابوں کے مصنف پروفیسر کے کے عزیز ( پروفیسر ڈاکٹر خورشید کمال عزیز) نے اپنی کتاب چوہدری رحمت علی پر لکھی گئی سوانح حیات Rahmat Ali, A Biography میںدی ہے۔
کے کے عزیز ایک بلندپایہ تاریخ دان اور تحقیقی کام کرنے والے تھے۔ انہوں نے کراچی، پشاور اور جامعہ پنجاب کے ساتھ ساتھ ہائیڈل برگ (جرمنی)، کیمرج، آکسفورڈ، ٹورنٹو اور خرطوم اور بہت سی دیگر بین الاقوامی جامعات میں تاریخ کی تعلیم دی۔ وہ جنوبی ایشیا کی تاریخ پر سند مانے جاتے ہیں۔ ان کی کتب پاکستان سمیت دنیا کی بڑی جامعات کے تاریخ کے نصاب میں شامل ہیں۔ وہ 1927 میں فیصل آباد کے ایک گاو¿ں بلم آباد میں پیدا ہوئے اور وکٹوریہ یونیورسٹی مانچسٹر سے پی ایچ ڈی کی۔ ان کی تصانیف میں دی میکنگ آف پاکستان، اسٹڈیز ان ہسٹری اینڈ پولیٹکس، پارٹی پولیٹکس ان پاکستان، ہسٹری آف آئیڈیا آف پاکستان، چودھری رحمت علی، عبد اللہ یوسف علی، کافی ہاو¿س آف لاہور، مرڈر آف ہسٹری اور وہ حوادث آشنا کے نام سرفہرست ہیں۔ 1974میں ذوالفقار علی بھٹو نے انہیں قومی کمیشن برائے تحقیق تاریخ و ثقافت کا چیئرمین مقرر کیا۔ اس عہدے پر وہ 1978تک فائز رہے۔ ان کی گراں قدر خدمات کے صلے میں حکومت پاکستان نے 1994 میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی کا اعزاز عطا کیا۔ ان کا انتقال 15 جولائی، 2009کو لاہور میں ہوا۔
چوہدری رحمت علی کے حالات زندگی اور جدوجہد پر انہوں نے ایک ضخیم اور مستند کتاب انگریزی میں لکھی جس کا اردو ترجمہ چوہدری رحمت علی ٹرسٹ لاہور کے سربراہ چوہدری گلزار محمد اور زید بن عمر کی خواہش پر بیرسٹر اقبال الدین احمد نے کیا ہے۔ چوہدری گلزار محمد نے بہت محبت کے ساتھ اس کتاب کا ایک نسخہ بھجوایا جس کے مطالعہ سے ذہن کے دریچے کھل گئے اور تحریک پاکستان کوگہرائی سے جاننے کا موقع ملا۔کے کے عزیز نے اپنی کتاب میں نقاش پاکستان چوہدری رحمت علی کے بارے میں بہت سی نایات اور تاریخی دستاویزات بھی شامل کی ہیں جن میں ان کی علامہ اقبال سے ملاقاتوں کی تفصیل اور تصاویر بھی موجود ہیں۔ کتاب میں علامہ اقبال کی اپنے ہاتھوں سے لکھی ہوئی وہ تحریر بھی شامل کی جو علامہ نے چوہدری رحمت علی کو بال جبریل کا نسخہ بھیجتے ہوئے یوں لکھی۔
بخدمت برادر گرامی قدر چوہدری رحمت علی صاحب
خدایا! ہم پر فال و سیادت کی سیدھی راہ کھول دے ! (القرآن)
نشان راہ دکھاتے تھے جو ستاروں کو
ترس گئے ہیں کسی مرد راہ داں کے لیے
نگاہ بلند سخن دل نواز جاں پرسوز
یہی ہے رخت سفر میرکارواں کے لئے
جناب کے کے عزیز لکھتے ہیں کہ چوہدری رحمت علی 1968 میں میری توجہ کا مرکز تب بنے جب میں اپنی کتاب A History of the Idea of Pakistanکا مسودہ تیار کررہا تھا۔ انہوں نے اس کتاب کی چار جلدوں میں چوہدری رحمت علی لئے نصف باب مختص کیا لیکن جب انہوں نے چوہدری رحمت کی جدوجہد اور کام پر تحقیق کی تو وہ ان کے بارے میں الگ کتاب لکھنے پر مجبور ہوگئے۔ اس کتاب کو لکھنے کے لے انہوں نے پاکستان، برطانیہ اور دیگر ممالک میں بہت سی لائیبریریوں اور تحقیقی مراکز میں کئی برس کام کیا۔ ان کی یہ محنت Rahmat Ali, A Biographyکی صورت میں منظر عام پر آئی جسے ساوتھ ایشیا انسٹیٹیوٹ آف ہائیڈل برگ یونیوسٹی جرمنی نے شائع کیا۔
ان کی تحقیق کے مطابق علامہ اقبال نے چوہدری رحمت علی کو خط لکھ کر ان کی جماعت پاکستان نیشنل موومنٹ میں شمولیت کی خوہش کا اظہار کیا لیکن علامہ کی موت نے انہیں یہ مہلت نہ دی۔ پاکستان کا نام تخلیق کرکے دراصل انہوں نے نظریہ پاکستان پیش کیا جسے بعد میں مسلم لیگ نے اپنا لیا۔ قائداعظم نے مسلمانوں نے لئے الگ وطن کے لئے اپنے دلائل میں وہ الفاظ اور دلائل دہرائے جو چوہدری رحمت علی کے تھے یہی وجہ ہے کہ 23مارچ 1940 میں قرارداد لاہور کی صورت میں مطالبات اور دلائل کو دیکھتے ہوئے ہندو پریس نے کہا یہ وہی دلائل ہیں جو چوہدری رحمت علی پاکستان کے حق میں دیتے ہیں اسی وجہ سے ہندو پریس نے قرار داد لاہور کو قرداد پاکستان بنا دیا ۔
چوہدری رحمت علی 16 نومبر 1897 کو مشرقی پنجاب کے ضلع ہوشیار پور میں پیدا ہوئے اور 3 فروری 1951 کو کیمرج برطانیہ میں انتقال گرگئے اور وہیں امناتاََ دفن کیے گئے۔ انتخابات سے قبل عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار میں آکراس عظیم قومی رہبر کا جسد خاکی پاکستان میں احترام کے ساتھ دفن کریں گے۔ امید ہے کہ موجودہ حکومت تحریک پاکستان کا آغا ز اور اس مملکت کا نام تجویز کرنے والے عظیم قائد کو وہ مقام دے گی جس کے وہ مستحق ہیں۔
Other posts
- Why Sweden has differnt Ploicy on Coronavirus
- کرونا وائرس، سائنسی، سماجی اور مذہبی انداز فکر
- آٹھ سال بعد پاکستان میں کیا دیکھا1
- اخوت کے چئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب جنوری میں سوئٹزرلینڈ اور اسکینڈے نیویا کا دورہ کریں گے۔
- دل چیر کر رکھ دیا
- (سفر حرمین کے تاثرات (حصہ دوم
- (سفر حرمین کے تاثرات (پہلی قسط
- ہمارا سب سے بڑا مسئلہ
- ہمارا سب سے بڑا مسئلہ
- پیشی